بلال سعید اور ایک خاتون کی ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل - Pakistan Point

Breaking

Post Top Ad

February 10, 2021

بلال سعید اور ایک خاتون کی ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل


پاکستان میں سوشل میڈیا پر پاکستانی گلوکار بلال سعید کی ایک مرد اور خاتون سے ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔

بظاہر اس ویڈیو میں ان کے بھائی بھی نظر آ رہے ہیں اور وہ خود ایک خاتون کو بھی لات مارتے ہیں۔

ویڈیو میں ہے کیا؟

ہوا کچھ یوں کے آج بلال سعید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں وہ ایک نوجوان مرد اور خاتون کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔

بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور تین بظاہر سکیورٹی گارڈ نظر آنے والے افراد ان میں بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی اثنا میں دوسرے نوجوان کے ساتھ موجود خاتون آگے بڑھتی ہیں جنھیں بلال سعید لات مارتے ہیں، وہ اپنا بچاؤ کرتے ہوئے جوابی لات مارتی ہیں جس کے بعد بلال سعید ان پر ہاتھ اٹھاتے ہیں جس سے اس خاتون کو دھکا لگتا ہے اور اس دوران گارڈ ان میں بھی بیچ بچاؤ کرا دیتے ہیں۔


بلال سعید کا موقف

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور ٹرینڈ کرنے کے بعد بلال سعید نے ٹوئٹر پر اپنی صفائی دیتے ہوئے کہا 'ہر انسان کو صنف سے قطع نظر عزت نفس اور تحفظ کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔ میں امن کا ماننے والا ہوں تاہم میں حدود قائم رکھنے پر بھی یقین رکھتا ہوں، جب کسی کی وجہ سے امن بارہا متاثر ہو رہا ہو، جب تحفظ اور عزت نفس کو بار بار متاثر کیا جائے۔ تو بد قسمتی سے آپ کے پاس رد عمل دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچتا۔'

سوشل میڈیا رد عمل

ایک صارف ڈاکٹر ہما شیف کا کہنا تھا 'ایک عورت کو کمزور ہدف سمجھ کر لات ما رہے ہیں۔'

ثنا یوسفزئی کا موقف ذرا الگ تھا، انھوں نے خواتین کے حقوق کی بات کرنے والوں پر طنز کرتے ہوئے لکھا 'کیا آپ برابری کا مظاہرہ دیکھ رہے ہیں؟ وہی جس کا مطالبہ عورت مارچ میں کیا گیا۔ برابر حقوق، برابر لڑائی۔ اس (خاتون) نے بھی جوابی لات مار دی، حساب برابر ہو گیا۔'

تاہم علی بلال سعید کی مذمت کرتے نظر آئے ان کا کہا تھا ' مساوی حقوق کی تمام میمز سے قطع نظر اصل مرد جانتا ہے کہ عورت کی عزت کیسے کی جاتی ہے۔'

وہیں کچھ صارفین اس معاملے کو سطحی طور پر دیکھنا نہیں چاہتے۔ انہی میں سے ایک ہاجرہ کا کہنا تھا ہمیں کم از کم بلال کی طرف کی کہانی سننی چاہیے۔'

جبکہ حرا نامی صارف کا بھی خیال تھا کہ 'ابھی نتیجہ اخد کرنا قبل از وقت ہوگا، نفرت مت پھیلائیں جب تک یہ پتا نہ چل جائے کہ کون غلط ہے اور کون صحیح۔'

میاں عمر نے ٹویٹ کی کہ 'کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ کن حالات میں ایک مرد کے لیے عورت پر ہاتھ اٹھانے کی توجہیہ دی جا سکتی ہے۔ بلال نے جو کیا وہ اس کا ذمہ دار ہے۔'

وہیں ماہ نور ذرا مختلف نظریے کے ساتھ بلال سعید کا ساتھ دیتی نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا 'تین آدمی پہلے سے ان کی لڑائی روکنے کی کوشش کر رہے ہی، لڑکی کو سپائڈر مین بننے کی کیا ضرورت تھی۔ وہ تین جھک مار رہے تھے کیا؟'



ان کا مزید کہنا تھا 'کسی بھی حالت میں عورت پر ہاتھ نہیں اٹھایا جانا چاہیے لیکن عورتوں کو بھی چاہیے کے وہ ایسی صورتحال میں مداخلت نہ کریں جہاں کوئی دوسری عورت نہ ہو۔'

ایک صارف تو خاصی خفگی میں بلال سعید کی حمایت کرنے والوں کو جھاڑ پلاتی نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا 'جو لوگ بلال سعید کا دفاع کر رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے۔ آپ سب کو'۔

اس سنجیدہ بحث میں بعض افراد بلال سعید کے لڑائی کرنے کے انداز پر بات کرتے نظر آئے۔

ایک صارف حفظہ نے لکھا 'آخر کار انھوں نہ ایکشن مووی بھی کر لی۔'

عبداللہ نے ٹویٹ کی کہ 'اب ہمیں پتا چلا کے جان سینا پاکستان کیوں آ رہے ہیں، یہ یقیناً لاجواب میچ ہوگا۔'

عابش قاضی کا خیال بھی کچھ ایسا ہی تھا ان کا کہنا تھا 'بلال سعید جان سینا کے پاکستان آنے کی خبر ملنے کے بعد ون آن ون میچ کی پریکٹس کر رہے ہیں۔'



No comments: